کراچی : صوبائی وزیر اقلیتی امور گیانچند ایسرانی نے کہا ہے کہ دیوالی کے شب دن کے موقع پر اقلیتی برادری کے مستحقین میں مالی امداد کے چیکس کی تقسیم کے عمل کو 2 اکتوبر تک مکمل کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مالی امداد کے چیکس مستحقِ افراد تک پہنچیں۔ یہ ہدایات انہوں نے پیر کے روز محکمہ اقلیتی امور میں دیوالی کے سلسلے میں خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اس موقع پر سیکریٹری محکمہ اقلیتی امور حافظ عبدالہادی بلو، ڈائریکٹر اقلیتی امور سندھ عبدالشکور ابڑو و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر گیانچند ایسرانی نے کہا کہ دیوالی کے موقع پر اقلیتی برادری کے مستحق افراد کو مالی امداد کے چیکس سندھ نان مسلم ویلفیئر کمیٹی کی سفارشات پر میرٹ پر دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح میں شامل ہے۔ اقلیتی برادری نے ہمیشہ اپنا مینڈیٹ پاکستان پیپلز پارٹی کو دیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی برادری کے افراد سے ملاقاتیں بھی کیں اور ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کی بھرپور یقین دھانی کرائی۔