29/05/2023

ہم سے رابطہ کریں

سعودی عرب کا پرفضا مقام الباحہ ٹھنڈے موسم، دلکش سرسبزمقامات اور خوبصورت پارکوں کی وجہ سے مملکت بھر سے آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
عرب نیوزکے مطابق مملکت بھر میں موسم گرما کی تعطیلات کے آغاز سے ہی اس علاقے میں مقامی شہریوں اورغیر ملکیوں کی بڑی تعداد دیکھی جا رہی ہے۔ علاقے میں نیا تیار کیا گیا لیونڈر پارک  الباحہ کی سیاحت کا نیا آئیکون سمجھا جاتا ہے۔

الباحہ کا حسین علاقہ سعودی عرب کے اعلیٰ سیاحتی مقامات میں سے ایک ہےاور نہ صرف مملکت بلکہ جی سی سی ممالک سے آنے والے سیاح بھی یہاں کے خوشگوار ماحول میں قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے اس علاقے کا رخ کرتے ہیں۔
رواں سال موسم گرما میں سیاحوں کی دلچسپی کے لیے الباحہ کے علاقے میں واقع رغدان فاریسٹ پارک کے وسط میں سیاحتی مقام لیوینڈر گارڈن کے نام سے ایک اور پارک کا افتتاح کیا گیا ہے۔ القصیم ریجن کے میئر ڈاکٹرعلی بن محمد الصوات نے بتایا کہ الباحہ کے رغدان فارسٹ پارک کا پورا علاقہ 20 ہزار مربع میٹر سے بھی زیادہ کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے جب کہ اس کے اندر لیوینڈر گارڈن کے نام سے پارک پانچ ہزار مربع میٹر کے رقبے پر بنایا گیا ہے۔
لیونڈر پارک کی جانب جانے والا 500 میٹر طویل راستہ پتھروں کی خوبصورت ترتیب سے تیار کیا گیا ہے، اس راستے میں آرائشی لائٹوں کے 270 کھمبے لگائے گئے ہیں۔ راستے میں جگہ جگہ بیٹھنے کے لیے لکڑی کے دیدہ زیب بنچ نصب ہیں۔ہر ہر مقام پر پھولوں کی کیاریاں ہیں جب کہ سامنے ایک خوبصورت آبشار کا نظارہ ہے۔
میئر ڈاکٹر علی بن محمد الصوات کا مزید کہنا ہے کہ الباحہ کے علاقے میں اس وقت چارلاکھ مربع میٹر سے زیادہ کے رقبے پر پارکس اور باغات موجود ہیں۔
ڈاکٹرعلی الصوات نے مزید بتایا ہے کہ الباحہ کا سرسبزاور جاذب نظرعلاقہ سعودی وژن 2030 کے تحت آنے والے آٹھ  سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے اور پورا سال عموما اور موسم گرما کی چھٹیوں کے دوران خصوصا بہت بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
 

Share            News         Social       Media