29/05/2023

ہم سے رابطہ کریں

انٹربینک مارکیٹ میں روپے نے ڈالر کے مقابلے میں مضبوط ریکوری کا مظاہرہ کیا جب اس کی قدر میں صبح 9:54 بجے تک 2.92 روپے کا اضافہ ہوا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے مطابق اس وقت مقامی کرنسی 1.31 فیصد اضافے کے بعد 219 روپے فی ڈالر پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔

آئی ایم ایف کے ایک سرکاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ روپے کی بحالی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے قرض کی سہولت کے مشترکہ ساتویں اور اٹھویں جائزے کی تکمیل کے بعد سامنے آئی ہے، جس کے تحت پاکستان کے لیے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کے فوری اجرا کی اجازت دی گئی ہے۔

چیئرمین فوریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرض منظوری کے بعد توقع ہے کہ جلد قرضے کی قسط مل جائے گی جس سے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوں گے اور روپیہ مستحکم ہوگا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے پاکستان کو قرض جاری کرنے کی منظوری ملنے کے اعلان سے قبل انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں مزید 1.26 روپے کمی آگئی تھی اور مقامی کرنسی 0.57 فیصد کمی کے ساتھ 221.92 روپے پر بند ہوئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ دوست ممالک سے بھی جلد رقم موصل ہوجائے گی، ان امیدوں پر ڈالر کی قیمت میں واضح کمی ہوئی ہے۔

Share            News         Social       Media