31/05/2023

ہم سے رابطہ کریں

نامور شاعر اکبر الہ آبادی کے صدسالہ یوم وفات پر کراچی میں ادارہ علم دوست پاکستان اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اشتراک سے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے نامور مصنف، محقق، کالم نویس اور بلاگر اور منہاج یونیورسٹی کے پروفیسر ایمریٹس پروفیسر ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی نے کہا کہ اکبر الہ آبادی نے اپنی ظریفانہ شاعری کے ذریعہ قوم کو جھنجوڑنے اور مغربی تہذیب کے مضر اثرات سے بچانے کا کام لیا۔ وہ سرسید احمد خان اورشاعر مشرق علامہ اقبال کے پائے کے مصلح تھے۔ ماہنامہ قومی زبان کی مدیرہ اور دانشور پروفیسر ڈاکٹر یاسمین سلطانہ فاروقی نے، جو مہمان خصوصی تھیں، اکبر کی شاعرانہ عظمت کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔

سیمینار سے نامور مصنف ، محقق اور دانشور محمد راشد شیخ، آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی کے رکن اور معروف علمی و ادبی شخصیت شکیل خان ، مصنف، کالم نویس اور ٹیلی ویژن جرنلسٹ عطا محمد تبسم، مصنف اور مزاح نگار م ص ایمن اور ادارہ علم دوست پاکستان کے صدر شبیر ابن عادل اور علم دوست کی چیئرپرسن اور معروف ٹی وی اینکر فرحانہ اویس نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ اکبر ان مسلمانوں پر طنز ومزاح کے ذریعہ تنقید کرتے ، جو اپنے آپ کو مغربی اقدار کا علمبردار کہلوانے پر فخر محسوس کرتے تھے ان کی شاعری میں اس دور کی ثقافت کے رنگ ہمیں واضح طورپر نظر آتےہیں۔ انکی شاندار ادبی خدمات کی وجہ سے انہیں لسان العصر کا خطاب دیا گیا۔

ادارے کے جنرل سیکرٹری میر حسین علی امام نے مہمانوں سے اظہار تشکر کیا ۔ علم دوست کے سوشل میڈیا ڈائریکٹر اکبر علی نے نظامت کےفرائض انجام دیئے۔ سیمینار کے لئے آرٹس کونسل آف پاکستان نے تعاون کیا تھا۔ معروف شاعر اے ایچ خانزادہ اور صدیق راز ایڈوکیٹ نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر آن لائن جریدے ماہنامہ علم دوست کے اکبر الہ آبادی نمبر کے "پرنڈڈ ایڈیشن” کی رونمائی ہوئی اوراسے پروگرام کے شرکا میں تقسیم کیا گیا۔ اس جریدے کو تقریب کے موقع پر پرنٹ کرایا گیا ہے۔
اس موقع پر سیمینار کے شرکاء نے ایک قرارداد کی منظوری دی، جس میں جامعہ کراچی اور جامعہ اردو سے مطالبہ کیا گیا کہ اکبر الہ آبادی کے کام پر تحقیق کے لئے "اکبر چیئر” قائم کی جائے ۔

تقریب کی کارروائی کو سوشل میڈیا پر براہ راست دکھایا گیا۔

سیمینار میں معروف علمی و ادبی شخصیات، صحافیوں، کالم نویسوں، اساتذہ اور نوجوانوں نے بارش اور سڑکوں پر ٹریفک جام کے باوجود شرکت کی۔

Share            News         Social       Media