01/06/2023

ہم سے رابطہ کریں

کراچی :بابائے اُردو مولوی عبدالحق کی 61ویں برسی منانے کے لیے ان کے مزار واقع وفاقی جامعہ اُردو عبدالحق کیمپس پر انجمن ترقی اُردو پاکستان کے صدر جناب واجد جواد، خازن و مشیر مالیات سیّد عابد رضوی،مدیر مجلّہ ’’اُردو‘‘ ڈاکٹر شاداب احسانی، مدیر ’’قومی زبان‘‘ ڈاکٹر یاسمین سلطانہ فاروقی نے انجمن کے سینئر عاملین کے ہمراہ بابا کے مزارپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
بعد ازاں جامعہ اُردو کی سماعت گاہ میں مولوی صاحب کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جامعہ اُردو اور انجمن ترقی اُردو پاکستان کی جانب سے مشترکہ تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں مقررین نے مولوی صاحب کی اُردو کے لیے وابستگی اور خدمات پر سیر حاصل گفتگو کی۔تقریب سے مہمان خصوصی ڈپٹی چیئرمین سینٹ ڈاکٹر اے کیو خلیل اور انجمن کے صدر جناب واجد جواد نے خصوصی خطاب کیا اور انجمن کی کارکردگی اور آئندہ کئے جانے والے منصوبوں پر روشنی ڈالی اور جامعہ اُردو کے اساتذہ کو ان کی کتابوں کی اشاعت کے سلسلے میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
اس سے قبل مشیر مالیات سید عابد رضوی نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ انجمن کے دفتر اردو باغ میں مولوی عبدالحق کا میوزیم کی طرز پر ان کی زیر استعمال اشیاء اور نادر تصاویر پر مشتمل گوشہ قائم ہے۔اور بابا کی عطیہ کی ہوئیں نادر و نایاب کتب اور قلمی نسخوں کی ڈی جی ٹائزیشن کا کام جاری ہے ۔ مزید برآں واجد جواد اور سیّد عابد رضوی صاحبان نے حاضرین کو یہ بھی بتایا کہ عنقریب مولوی عبدالحق کیمپس میں بابائے اُردوکے زیر استعمال عمارت اور انجمن کے پرانے دفتر کی تزئین و آرائش کا کام شروع کیا جائے گا تاکہ وہاں مولوی عبدالحق چیئر قائم کی جاسکے اور مولوی صاحب پر تحقیقی کام کیے جاسکیں۔

Share            News         Social       Media