29/05/2023

ہم سے رابطہ کریں

صرف کیلینڈر بدلا ہے نئے سال پر کچھ کلمات
2جنوری2022

پروفیسر ڈاکٹر جہاں آراءلطفی

کچھ بھی تو نہیں بدلا
تاریخیں بدلنے سے
وہی میں ہوں وہی تم ہو!
وہی روز شب اپنے
وہی ہونا صبح کا
پھر صبح کا شام ہونا ہے
وہی زنداں وہی قیدی
وہی آزاد پنچھی ہیں
وہی مالک وہی آقا
وہی فوج غلاماں ہے
وہی شاہی وہی شاہ ہیں
وہی وفاداروں کی موجیں ہیں
کچھ بھی تو نہیں بدلا
تاریخوں کے بدلنے سے
وہی جھوٹوں کی چالیں ہیں
وہی دھرنوں کی باتیں ہیں
وہی ناخلف لوگوں کے
دبستانوں کی گھاتیں ہیں
وہی شرما حضوری ہے
وہی اللہ سے دوری ہے
وہی بڑھتی ریا کاری
وہی دھندوں کی منڈی ہے
وہی مسجد کے منبر ہیں
وہی منبر پہ قبضہ ہے
وہی دل میں عداوت ہے
وہی ماتھوں کے سجدے ہیں
وہی اک چال ہے تیری
وہی اک چال ہے ان کی
اقارب بھی پریشاں ہیں
حبائب بھی فروزاں ہیں
وہی سورج نکلتا ہے
وہی شاموں کا ڈھلنا ہے
اندھیری رات چھاتی ہے
صباح پھر مسکراتی ہے
یہی ضرب المثل ہے
جو مجھے نغمے سناتی ہے
مری ہمت بندھاتی ہے
امیدوں کو بڑھاتی ہے
وگرنہ! کچھ نہیں بدلا
تاریخیں بدلنے سے
صرف کیلنڈر بدلا ہے

Share            News         Social       Media