جام نواز گوٹھ : سندھ اسمبلی کے سابق رکن اور ضلع سانگھڑ کی ممتاز سیاسی شخصیت جام مدد علی خان مرحوم کی پہلی برسی ہفتہ کو ان کے آبائی گاوں جام نواز علی میں منائی گئی ۔ اس موقع پر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جبکہ ہزاروں غریبوں میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا ۔ برسی کے اس اجتماع میں پورے سندھ سے اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی اور جام مدد علی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ شرکاء میں سندھ کا بینہ کے ارکان امتیاز احمد شیخ , شبیر بجارانی ,سردار عثمان عالمانی , رئیس غلام قادر مری , سہیل جمالی , چوہدری نظام آرائیں , آغا صدر خان , غلام نبی مہر ,عبدالحق راجپوت , ڈاکٹر خیر محمد ناریجو , چوہدری شانی آرائیں عبد الحق جاگیرانی اور ممتاز تجزیہ نگار غازی صلاح الدین بھی شامل تھے ۔ اس موقع پر جام مدد علی کے صاحبزادے جام ظہیر علی خان کی دستار بندی بھی کی گئی ۔
