کراچی :پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور جیالوں نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا ہے۔ آنے والے بلدیاتی انتخابات اور اس سے قبل کراچی کے دو قومی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لئے پیپلز پارٹی کے جیالے پرامید ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی کے کیمپ آفس میں ڈسٹرکٹ ملیر اور ڈسٹرکٹ سائوتھ کے عہدیداروں، سٹی ایریاز، وارڈز کے عہدیداروں اور بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی، وزیر اعلٰی سندھ کے معاون خصوصی و جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی سندھ وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، ڈسٹرکٹ ملیر کے صدر سلمان مراد، ڈسٹرکٹ سائوتھ کے صدر خلیل ہوت و دیگر بھی موجود تھے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور جیالوں نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا ہے۔ سینیٹر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات اور اس سے قبل کراچی کے دو قومی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لئے پیپلز پارٹی کے جیالے پرامید ہیں۔پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ماضی میں ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ انتخابات میں زیادتیاں کی گئی اور الیکشن میں دھاندلیوں سے ہرایا جاتا رہا ہے لیکن اس بار ہمارے جیالے ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ڈویژن میں اس بار بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ ڈسٹرکٹ ملیر کے صدر سلمان مراد نے کہا کہ ملیر میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 237 کے ضمنی انتخابات اور بعد ازاں بلدیاتی انتخابات کے لئے نامزد امیدواروں کے ساتھ ساتھ کارکنان بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ سلمان مراد، صدر پیپلز پارٹی لیاری خلیل ہوت نے کہا کہ لیاری کے جیالے اس بار اعلٰی قیادت کو لیاری کی تمام یونین کونسلز سے کامیابی کا تحفہ پیش کریں گے۔