حکومت کی مذاکراتی ٹیم اور کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے تصدیق کی ہے کہ منگل کی شام تک یہ لوگ وہیں رہیں گے۔ جو راستے بلاک ہیں، وہ کھول دیئے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مطالبات کا جائزہ لے کر منگل تک معاملہ حل کر لیا جائے گا۔ مظاہرین اس وقت تک پر امن رہ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کر وائیں گے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید آج معاملے پر پریس کانفرنس میں تمام حقائق سے آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ لاہور میں کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان احتجاج کر رہے ہیں۔ احتجاج کے پیش نظرراولپنڈی میں انتظامیہ نے سیکورٹی سخت کردی تھی۔ فیض آباد کی طرف جانے والے راستوں، میٹرو روٹ اور مری روڈ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے راستے اورشہر کے داخلی اور خارجی راستے بھی بند کیے گئے تھے۔ لاہور میں بھی احتجاج کے باعث کئی راستوں پر کنٹینر لگائے گئے تھے۔