کراچی:وزیرِ توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سورج کی روشنی اور ہوا سے بجلی بنانے کے منصوبوں کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے تاکہ آلودگی سے پاک توانائی کے حصول سے دنیا کی ماحولیات کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا جاسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر سندھ سیکریٹریٹ میں ہوا سے بجلی بنانے والی کمپنی یونائٹیڈ انرجی آف پاکستان اور ٹھٹھہ اور جامشورو کے علاقے میں ہوا سے بجلی بنانے والی کمپنیوں کی تنظیم، ونڈ انرجی ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں خرم شہزاد ، تنویر عباس مرزا اور دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر وزیرِ توانائی سندھ نے وفد سے کارپوریٹ سوشل رسپانسیبیلیٹی CSR کے اصولوں کے تحت پراجیکٹ ایریا کے مقامی رہنے والوں کے لئے بہبود کی سرگرمیوں روزگار کی فراہمی، پانی، سیوریج ، اسپتال، اسکول، کھیل کے میدان اور پارک وغیرہ کی فراہمی کے لئے زمہ داریاں پوری کرنے پر زور دیا اور کہا کہ کمپنیاں سی ایس آر کے تحت کئے گئے کاموں کی تفصیلات سے تحریری طور پر سندھ حکومت کو آگاہ کرے اور روزگار کی فراہمی کے لئے مقامی افراد جنہیں روزگار دی گئی ہے کی فہرست بھی مہیا کریں۔
وزیر توانائی سندھ نے اس ضمن میں آئندہ ہفتے ٹھٹھہ اور جھمپیر کے علاقوں میں بجلی بنانے والی کمپنیوں کا اجلاس بلانے کی بھی ہدایات دیں تاکہ متعلقہ تمام کمپنیوں کے سی ایس آر کے حوالے سے کئے گئے کام کی بابت آگاہی لی جاسکے اور کمپنیوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے بھی متفقہ اقدامات کئے جاسکیں۔