کراچی : وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا ہے کہ نیازی حکومت نے غریب کو روزی دینے کے بجائے ان سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے روزمرہ کے استعمال کی اشیاءسمیت ہر شے مہنگی ہوگئی ہے مگر وفاقی حکومت کو عوام کی پریشانیاں نظر نہِں آرہیں ہیں۔ یہ بات انہوں نے پی پی پی ویمن ونگ کراچی سینٹرل کی صدر شاہینہ سعیدہ صدیقی ، ڈسٹرکٹ ویسٹ کی صدر نگہت سیما ، ڈسٹرکٹ کورنگی کی صدر روہینہ ابرار اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کی صدر یاسمین بٹ سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔ ڈاکٹر کھٹو مل جیون کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ناجائز منافع خوروں اور زخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے سندھ میں اشیائے خوردونوش کی کوئی کمی نہیں ہے جبکہ ہماری ضرورت کے مطابق صوبے میں گندم میں موجود ہے۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عوام اس نالائق اور نااہل حکومت سے تنگ آچکی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی گرتی ہوئی معیشت کی بحالی کے لیے عوام کی امیدوں کا واحد محور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں۔ ڈاکٹر کھٹومل جیون کا کہنا تھا کہ عوام جان چکی ہے کہ موجودہ وفاقی سلیکٹیڈ حکومت لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے سے قاصر ہے جبکہ آٹا، چینی اور پیٹرول مافیا وفاقی حکومت کی کابینہ کا حصہ بن گئے ہیں۔ ایسے میں ان مافیا کے خلاف نیازی حکومت کسی بھی قسم کی کاروائی کرنے سے گریزہ ہے۔ان کاکہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے پی پی پی کو واضح اکثریت سے ایوانوں تک پہچائے گی۔