اسلام آباد : وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کی قیادت سے مذاکرات کے لیے بارہ رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔
اسلام آباد میں علما و مشائخ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مذہبی امور کے وزیر نے بتایا کہ ملک کو بڑے تصادم اور خونریزی سے بچانے کے لیے علما نے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بارہ رکنی کمیٹی تحریک لبیک کی قیادت اور حکومت سے مذاکرات کرے گی اور امید ہے کہ بہتری کی فضا بن جائے گی۔
علما کے وفد کی نمائندگی کرنے والے حامد رضا نے اس موقع پر کہا کہ ’مختلف جگہوں پر مختلف مذاکرات جاری ہیں، سب کو انتظار کرنا چاہیے مثبت نتائج نکلیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین جی ٹی روڈ پر جہاں ہیں اگر وہاں سے آگے بڑھتے ہیں تو مذاکرات کے سبوتاژ ہونے کا خطرہ ہے اس لیے وہیں رکے رہیں گے۔
دوسری جانب کالعدم تحریک لبیک کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت خوف کی فضا قائم کرنے سے گریز کرے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے وزیرآباد کے مقام پر کارکنان کو گرفتار کرنا شروع کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی باتوں پر قائم رہے۔ ’ہماری جماعت وعدہ خلافی نہیں کرے گی۔ حکومت نے آج تحریک لبیک کو وزیرآباد تک محدود رہنے کی درخواست کی ہے۔‘
خیال رہے کہ کالعدم تحریک لبیک کے مارچ کے شرکا نے اسلام آباد آتے ہوئے جمعے کی رات سے وزیر آباد میں قیام کر رکھا ہے۔