29/05/2023

ہم سے رابطہ کریں

ڈاکٹر راشد کمال

دائرہ ، دردائرہ ، دردائرہ
روح سمت مرکز رواں
  ابدیت کے سفر میں
مکاں سے لا مکاں
مرکز میں ادغام ممکن نہیں
معلوم ہے
کوشش مگر جاری رہے
حصول مطلب گو معدوم ہے
کاتب تقدیر نے جو لکھدیا
ہونا وہی
مگر پھر بھی پیہم سعی
ڈھونڈھیں چلو باب ابدیت
ڈھونڈھیں چلو دروازہ ہمیشگی

دائرہ، دردائرہ، دردائرہ —
روح سمت مرکز رواں
  ابدیت کے سفر میں
مکاں سے لا مکاں
خلوص، دریا بہ دریا یم بہ یم
جوش بحر بے کراں طلاطم در طلاطم
ویرانیوں میں اشارت خلود
خاموش جنگلوں میں مسدود
تنہا کسی درویش کی سسکیاں
ابدیت کی روشن پر چھائیاں

دائرہ، دردائرہ، دردائرہ —
روح سمت مرکز رواں
  ابدیت کے سفر میں
مکاں سے لا مکاں
روح کہاں؟ راکھ باقی
اشکوں میں دل گھل کے پانی
اعضاء تھکے ہوئے
درد میں ڈوبے ہوئے
پاؤں بے قابو پئے بیقراری
رقص تب بھی مگر جاری
دف ابدیت کا بجتا رہے
درویش دائروں میں بکھرتا رہے

دائرہ، دردائرہ، دردائرہ —
روح سمت مرکز رواں
  ابدیت کے سفر میں
مکاں سے لا مکاں
صوفی کی سن لو ڈرا
رومی کی سن لو ڈرا
سنو اس کا گریہ
سنو اس کی التجا
"مولا میں تیری طرف لوٹ آیا
تیری چوکھٹ ہی میری مایا
نے میری باجے ہے تیرے لئے
تو جو ازل ہے تو جو ابد ہے”

دائرہ، دردائرہ، دردائرہ —
روح سمت مرکز رواں
  ابدیت کے سفر میں
مکاں سے لا مکاں
” مقصود میرا اطاعت ہے تیری
جسم میرا ہے روح میری
سجدہ ہے تیرا عبادت ہے تیری
میرا چہرہ تیرے لئےخاک آلود
میرے آنسو تیرے لئے معبود
تجھ یکتا کی الفت کافی ہے میرے لئے
میں عاجز سا بندہ ہوں تیرا، تیرے حوالے”
صوفی ہے وہ ازل کا
پیکر ہے وہ عمل کا

دائرہ، دردائرہ، دردائرہ —
روح سمت مرکز رواں
  ابدیت کے سفر میں
مکاں سے لا مکاں
رومی کی نظمیں
تفسیر قرآن
نبی (ص) کی محبت
سانسوں میں پنہاں
رومی کی سوچیں
روشن منارا
افق پر ابد کے منور ستارا

دائرہ، دردائرہ، دردائرہ —
روح سمت مرکز رواں
  ابدیت کے سفر میں
مکاں سے لا مکاں
سنیں درویش سارے سنیں
ہم آہنگ ہو کر ساتھ گھومیں
قریب آئیں قریب آئیں قریب
اسکو پکاریں کہ ہے وہ مجیب
اشکوں سے آنکھوں کو کر کے تر
آہوں میں سوز دیدے دعا میں اثر
پلٹتے ہیں جانب تیری، درد دل میں بسائے
سب چھوڑ کر تیری طرف لوٹ آئے
پکارتے ہیں تجھے کوبہ کو مولا
میرا گیت بس تو ہی تو مولا
تو ہی تو، تو ہی تو
تو ہی تو، تو ہی تو
ترانا میرا
ابدیت کا

دائرہ، دردائرہ، دردائرہ —
روح سمت مرکز رواں
  ابدیت کے سفر میں
مکاں سے لا مکاں
(راشد کمال)

Share            News         Social       Media