کراچی :پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی جانب سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جناب رمیز راجہ کے اعزاز میں ایک گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پی سی بی اور پی ایس ایکس کی سینئر مینجمنٹ کی موجودگی میں جناب رمیز راجہ نے پی ایس ایکس ٹریڈنگ ہال میں کاروباری دن کا آغاز کرنے کے لیے گونگ پر ضرب لگائی۔ ایکسچینج کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کرکٹ کے ایک ہیرو اور پی سی بی کے چیئرمین کے اعزاز میں گونگ تقریب منعقد کی گئی ہے۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی کے ہمراہ قائم مقام سی ای او پی سی بی، سلمان نصیر اور پی سی بی گورننگ باڈی کے اراکین جناب جاوید قریشی اور جناب عاصم جواد بھی موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی پی ایس ایکس جناب فرخ ایچ خان کا کہنا تھا کہ، ”زیادہ تر پاکستانیوں کے لیے کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ان کی زندگی کا حصہ ہے۔ یہاں کرکٹ کے لیے بے مثال جذبہ پایا جاتا ہے۔ نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سہولیات اور ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے انعقاد سے پی سی بی ہماری نوجوان نسل کے مستقبل کے رویوں اورمنزل کی تشکیل میں مدد کر رہا ہے۔ اسی طرح، بین الاقوامی سطح پر کھیلوں میں کامیابی نہ صرف پروفائل کو بہتر بناتی ہے بلکہ ایک ملک کا امیج بھی بناتی ہے۔ پاکستان کے لیے اہم سماجی اور معاشی فوائد کے ساتھ ساتھ پی سی بی کے کام کا اثرات کرکٹ کے علاوہ دیگر چیزوں پر بھی نظر آتے ہیں۔“
ان کا مزید کہنا تھا کہ، ”اس وقت پی سی بی کی قیادت کے لیے جناب رمیز راجہ سے بہتر کوئی دوسرا شخص موجود نہیں ہے۔ وہ ایک کامیاب کرکٹر، 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والے اسکواڈ کے رکن، ایک ورلڈ کلاس کرکٹ کمنٹیٹر اور پی سی بی کے سابق سی ای او بھی ہیں۔ اگرچہ انھیں چیئر مین پی سی بی کا عہد ہ سنبھالے ابھی چند ہفتے ہی گزرے ہیں، تاہم میں اس بات سے متاثر ہوں کہ وہ اس کردار میں بھرپور توانائی کے ساتھ کام کررہے ہیں اور کئی اقدامات کا آغاز بھی کیا جاچکا ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کے مستقبل کے لیے اس طرح کا جرات مندانہ انداز اور سخت فیصلے لینے کی صلاحیت ایک اچھی چیز ہے۔“ انھوں نے مزید کہا کہ، ”ہم دعا گو ہیں کہ آئندہ ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں ہماری ٹیم کامیابی حاصل کرے اور مستقبل میں پی ایس ایکس میں ان کا استقبال کریں۔“
ایکسچینج میں مدعو کرنے پرپی ایس ایکس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، چیئرمین پی سی بی،جناب رمیز راجہ نے کہا کہ، ”میں پی ایس ایکس کا مشکور ہوں کہ مجھے ٹریڈنگ ڈے کا آغاز کرنے کے لیے گونگ تقریب میں مدعو کیا گیا۔ میں اس بہترین ماحول، ٹریڈنگ ہال اور ایکسچینج میں آ کر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں کیونکہ یہ میرے لیے ایک انوکھا تجربہ ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ میں نے خود پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں کاروباری اور مالیاتی برادری کے درمیان موجود ہونے کا تجربہ حاصل کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ، ”یہ میرا ویژن ہے کہ پاکستان میں گراس روٹ لیول سے بین الاقوامی سطح تک کرکٹ کو پھلتا پھولتا دیکھوں اور ہمیں وہ دن بھی دیکھنا نصیب ہو جب پاکستان پوری دنیا میں کرکٹ میں اپنی سابقہ شان و شوکت حاصل کرلے۔“