دیکھا جائے تو سال 2022 پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے اچھا سال رہا۔
اس سال فلم نگری میں جہاں فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے اپنے گنڈاسے سے آج تک کی ریلیز ہونی والی پاکستانی فلموں کو پیچھے دھکیلا وہیں میوزک کی دنیا میں علی سیٹھی اور شے گل کے گانے ’پسوڑی‘ نے دنیا بھر کے گلوکاروں کو پسوڑی میں ڈال دیا۔
رواں برس پہلی بار گریمی ایوارڈ کسی پاکستانی گلوکارہ کو ملا تو فلمی دنیا کے بڑے میلے کانز میں بھی پاکستان فلم کا چرچا رہا۔
حال ہی میں سرچ انجن گوگل نے اس سال کی سرچ رپورٹ جاری کی جس کے مطابق پاکستانیوں نے سب سے زیادہ جس فلم کو گوگل پر سرچ کیا وہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ تھی لیکن سونے پر سہاگہ یہ تھا کہ پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ سرچ ہونے والے گانوں میں کوک سٹوڈیو کا پسوڑی دوسرے نمبر پر تھا۔