ماضی کی مقبول اداکارہ و میزبان سعدیہ امام نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی کامیاب ازدواجی زندگی کے پیچھے ان کے شوہر کا ہاتھ ہے، اگر وہ اتنے سمجھدار اور برداشت کرنے والے نہ ہوتے تو شاید ان کی شادی نہ چل پاتی۔
سعدیہ امام نے 2012 میں پاکستانی نژاد جرمنی کے صنعت کار عدنان حیدر سے شادی کی تھی اور انہیں ایک بیٹی بھی ہے۔
شادی کے بعد اگرچہ وہ اسکرین پر کم دکھائی دیتی ہیں، تاہم وہ بطور مہمان پروگرامات اور شوز میں شرکت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے ندا یاسر کے مارننگ شو میں شوہر کے ہمراہ شرکت کی اور بتایا کہ شادی کے بعد ان کی زندگی میں کیا تبدیلیاں آئیں اور مستقبل میں ان کے کیا منصوبے ہیں۔
شو کے دوران سعدیہ امام نے بتایا کہ ان کا نکاح جون 2012 میں ہوا تھا جب کہ ان کی رخصتی جنوری 2013 میں طے تھی مگر والدہ کے انتقال کی وجہ سے ان کی رخصتی چند ماہ تاخیر سے ہوئی۔