کراچی :وزیر اطلاعات اور صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، سردار خان، آصف خان، ذوالفقار قائمخانی اور دیگر نے باغ جناح کا دورہ کیا۔
انہوں نے 17 اکتوبر کو پیپلز پارٹی سندھ کے تحت سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کی غرض سے منعقد ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ سعید غنی نے کہا کہ 17 اکتوبر کا کراچی کے باغ جناح میں ہونے والا جلسہ تاریخی جلسہ ثابت ہوگا۔ جلسہ عام سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری و مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔ جلسہ گاہ اور اطراف کی سڑکوں کی ٹریفک مینجمنٹ اس طرح کی جائے کہ عوام کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم نے 18 اکتوبر کی بجائے جلسہ اتوار 17 اکتوبر کو اسی لئے منعقد کیا کہ چھٹی کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔