کراچی :وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی سے دعوت اسلامی کی مجلس رابطہ برائے شخصیات کے سربراہ حاجی یعقوب عطاری کی سربراہی میں 4 رکنی وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں محمد عمران عطاری، عبدالرحمن عطاری اور شفیق عطاری شامل تھے۔
وفد نے صوبائی وزیر کو دعوت اسلامی کی جانب سے مذہبی اور دنیاوی خدمات بالخصوص ماحولیات اور تعلیم کے حوالے سے کئے جانے والے کاموں سے آگاہ کیا۔
وفد نے صوبائی وزير کو دعوت اسلامی کے تحت چلنے والے ہزاروں مدارس و اسکولز کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
اس موقع پر یعقوب عطاری اور وفد نے صوبائی وزیر کو دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ کے دورے کی بھی دعوت دی اور انہیں مذہبی کتابوں کے تحائف پیش کئے۔
دعوت اسلامی کے تحت ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے حوالے سے جاری مہم کو صوبائی وزیر نے سراہا۔ دعوت اسلامی کی جانب سے کئے جانے والے کاموں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں بھی دعوت اسلامی سے مکمل تعاون کرے گی۔