29/05/2023

ہم سے رابطہ کریں

کراچی : وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان کا 60 برس سے زائد العمر کھلاڑیوں کا افتتاحی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنا ایک بڑا اعزاز ہے، کراچی میں چالیس برس سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کے عالمی کپ کے انعقاد سے پاکستان خاص طور پر سندھ کے حوالے سے مثبت تاثر جائے گا، سندھ حکومت اس ضمن میں بھرپور تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پہلے عالمی اوور 60 کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح پاکستان ٹیم کے اعزاز میں اپنی جانب سے منعقدہ عشائیہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، شرجیل انعام میمن، امتیاز شیخ، ساجد جوکھیو، وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ، سید وقار مہدی، سینیٹر نثار احمد کھوڑو، قاسم سومرو، کمشنر کراچی اقبال میمن، صوبائی سیکریٹری اسپورٹس اختر بھرگڑی، سیکریٹری محنت لئیق احمد، سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان، سابق ٹیسٹ کرکٹرز صادق محمد، شعیب محمد، ہارون رشید، سکندر بخت، اعجاز فقہیہ، نجمی عالم، ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس جاوید اوڈھو، کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے اونر ندیم عمر، منیجر اعظم خان، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر احمد شاہ، سیکرٹری پروفیسر اعجاز فاروقی، ڈاکٹر اختیار بیگ، سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ظفراحمد، محسن شیخانی، عمران منیار ودیگر بھی شریک ہوئے، سعید غنی نے کہا کہ زائد العمر کھلاڑیوں نے نہ صرف عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ بہترین فٹنس کی بھی عمدہ مثال پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سینئر کھلاڑیوں کے عالمی کپ کے انعقاد میں سندھ حکومت بھرپور مدد اور تعاون کرے گی۔ سعید غنی نے کہا کہ پاکستانی خاص طور پر اہلیان کراچی کرکٹ سے گہرا شغف رکھتے ہیں امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم عالمی کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قوم کی امیدوں پر پورا اترے گی، معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ نے کہا کہ سندھ میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود ہم کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبے میں موجود کھیلوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، ارباب لطف اللہ نے کہا کہ جلد ہی سندھ پریمیئر کرکٹ لیگ کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ سندھ حکومت عالمی اوور 40 کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد میں بھرپور تعاون کریں گے، عالمی اوور60 کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح پاکستان ٹیم کے کپتان فواد اعجاز خان نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے بھرپور فٹنس کی بدولت اپنی اہلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے عالمی کپ جیتا، انہوں نے کہا کہ کراچی میں چالیس برس سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کے عالمی کپ میں پاکستان کی جانب سے شاہد خان آفریدی ،یونس خان، محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے عظیم کھلاڑیوں کی بھی شرکت متوقع ہے، انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ٹیموں کی آمد سے پاکستان کا تشخص ابھر کر سامنے آئے گا، ارباب لطف اللہ نے فاتح ٹیم کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا، آخر میں یادگاری شیلڈز اور سوئنیرز پیش کیے گئے۔

Share            News         Social       Media