سندھ میں جشنِ عید میلادالنبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے انتظامات کے لئے اہم جائزہ اجلاس آج نیو سندھ سیکریٹریٹ کراچی میں صوبائی وزیر بلدیات، دیہی ترقی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور وزیر برائے زکواة و مذہبی امور فیاض بٹ کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی بھی موجود تھے۔اجلاس میں علمائے کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی .اس موقع پر علمائے کرام کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عید میلادالنبی منانا سعادت بھی ہے اور عبادت بھی۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم رحمت اللعالمین اور باعث تخلیقِ کائنات ہیں اور ان کی ولادت کا جشن تمام مخلوقات مناتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عیدمیلادالنبی کے منظم اور موثر انتظامات کے لئے پہلے ہی ہدایات دی ہوئی ہیں سندھ انتظامیہ الرٹ ہے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے تمام تعلیمی اداروں اور محکموں کو عید میلاد کے حوالے سے محافل اور چراغاں کی ہدایت کی ہے۔سید ناصر حسین شاہ نے علمائے کرام کو یقین دہانی کرائی کہ روایتی جلوسوں اور محافل کو پرمیشن میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی بلکہ روایتی جلوسوں اور محافل کو فوری طور پر پرمیشن جاری کرنے کی ہدایات ہیں۔انہوں نے کہا کہ محافل، میلاد اور جلوس کے انتظامات کے لئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، بلدیاتی افسران اور پولیس افسران علمائ سے ہمہ وقت رابطے میں رہیں گے اور ہم سب مل کر عید میلادالنبی کے جشن میں اپنا کردار ادا کریں گے۔اجلاس کے اختتام پر دعائے خیر کی گئی۔