کراچی :وزیر ثقافت و تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ آرٹ و ادب ہر معاشرے کا آئینہ ہوتا ہے، محکمہ ثقافت سندھ میں پرفارمنگ آرٹ کے ساتھ ساتھ وجوئل آرٹ کے فروغ کےلئے کام کرتا رہا ہے اور مختلف اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ثقافت کے تعاون سے فریئر ہال میں تین روزہ آرٹ ورکشاپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ سندھ میں پہلی بار سرکاری آرٹ گیلری، "سمبارا آرٹ گیلری” بنائی ہے انہوں نے کہا کہ فریئر ہال میں شاندار مصوری کے پروگرام کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے، اس موقع پر آرٹس کونسل کے صدر سید احمد شاہ نے کہا کہ پاکستانی آرٹ کو دنیا میں فروغ دینا ہم سب پر لازم ہے اور اس حوالے سے سردار شاہ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں نوجوانوں کو اس طرح کی ورکشاپس میں حصہ لینا چاہئے تاکہ وہ آرٹ کے فن کو مزید بڑھا سکیں ۔بلوچستان کی نوجوان ایوارڈ یافتہ زمر شاہد نے کہا کہ ہمیں اپنے آرٹ اینڈ کلچر کو آگے بڑھانا چاہئے تاکہ نوجوان نسل بھی فائن آرٹ کی طرف آسکیں اور اپنی شہرکی خوبصورتی کے لیے اسکولوں اور کالجوں کی دیواروں پرخوبصورت پینٹنگز بنانا شروع کریںجس سے ہمارے ملک میں آگاہی مہم خود سے پھیل جائے گی جس کو میں اولین ترجیحات میں شامل کرنا چاہتی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں خوبصورت مقامات موجود ہیںجن کی مصوری بنا کر انٹرنیشنل اداروں میں شامل کرنا چاہئے کیوں کہ دنیا بے رنگ ہے رنگوں کے بغیر اور میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں کوئٹہ جاکر ایسی پینٹنگ ورکشاپس منعقد کرواﺅنگی تاکہ وہاں کے آرٹ اور کلچر کو بھی پروموٹ کیا جاسکے۔ اس موقع پراظہار خیال کرنے والوں میں سر قمر، چترا پریتم اور دیگر شامل تھے۔