کراچی : ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ نظام مصطفیٰ ﷺکاغلبہ اورقرآن وسنت کے نظام کی بالادستی ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔ملک اس وقت مہنگائی ومعیشت کی بدحالی سمیت بے شمار بحرانوں کا شکار ہے۔آئین سے انحراف کوئی بھی اقدام ملک وقوم کے حق میں بھتر نہیں ہے۔عوام مہنگائی بےروزگاری اوربدامنی سے نجات چاہتے ہیں۔موجودہ حکمرانوں کی تین سالہ کارکردگی سے نہیں لگتا کہ وہ عوام کے مسائل حل کرسکتے ہیں اورنہ ہی اس کا ویژن رکھتے ہیں۔تحریک لبیک پرپابندی عجلت میں اورغیر آئینی ہے قیادت وکارکنان کو رہا اورمعاہدوں پرعمل کیاجائے ۔اب مصنوعی قیادت اورمن پسند نتائج کے لیے پارٹیاں وگروہ کھڑے کرکے ملک کو بحرانوں سے دوچارکرنے کااسٹیبشمینٹ کومائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباءآڈیٹوریم میں جمعیت اتحادالعلما سندھ کے ناظم اعلیٰ علامہ حزب اللہ جکھرو اور ملاقات کرنے والے وفودسے بات چیت کے دوران کیا۔لیاقت بلوچ نے مزید کہاکہ ملی یکجہتی کونسل نے ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے اوراتحاد امت کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔اہلیان پاکستان کے دینی جذبہ نے سیکولرقوتوں کی تمام ترسازشوں کو ناکام بنایا ہے۔پاکستان کا ہرکلمہ گوعقیدہ ختم نبوت پریقین اورعشق مصطفی سے سرشار ہے۔ہم ملک کو قیام پاکستان کے حقیقی مقاصدکے قریب اوراسلامی نظام کے نفاذ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
سینئرصحافی وکالم نگارعطاءمحمد تبسم نے لیاقت بلوچ سے قباءآڈیٹوریم میں ملاقات اورا پنی کتاب یاداشتیں سیدمنورحسن پیش کی۔لیاقت بلوچ نے مصنف کاوش کو سراہتے ہوئے کہاکہ سیدمنورحسن عالم اسلام کے مدبرتھے حالات پران کی گہری نظرتھی۔سینیئرصحافی مقامی اخبار کے ایڈیٹر ابراربختیار،صوبائی رہنماعبدالحفیظ بجارانی،صوبائی ومقامی سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنااورسید زاہدعسکری بھی اس موقع پرموجود تھے۔ بعد ازاں وہ لاہور روانہ ہوگئے۔