کراچی :ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کی جہانگیر پارک آمد، سماعت اور قوت گویائی سے محروم بچوں کے عالمی دن کے موقع کی مناسبت سے جہانگیر پارک میں اسٹالز لگائے گئے جہاں خصوصی بچوں نے نہ صرف اپنی بنائے ہوئے تکنیکی اشیاء کے علاوہ دیگر مختلف اشیاء فروخت کے لئے رکھیں بیرسٹر مرتضی وہاب نے سماعت اور قوت گویائی سے محروم بچوں کے اسٹالز سے اشیاء خریدیں جبکہ بیرسٹر مرتضی وہاب نے خصوصی بچوں سے پیار اور محبت کا اظہار کیا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے خصوصی بچوں کی بنائی ہوئی اشیاء پر متاثر ہوکر انہیں سیلوٹ کیا۔ منتظمین سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سماعت اور قوت گویائی سے محروم بچے ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں۔ خصوصی بچوں کی جانب سے اسٹالز پر رکھی گئی اشیاء سے میں متاثر ہوا ہوں انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے جہانگیر پارک میں ایسی تقاریب کے انعقاد کو سراہا جائے گا ایسی سرگرمیاں صحت مند معاشرے کے لئے ضروری ہیں۔ شہری ایسی سرگرمیوں کا جہانگیر پارک میں انعقاد کریں تاکہ عام افراد کو اچھی اور مثبت تفریح میسر ہو۔ اس موقع پر بیرسٹر مرتضی وہاب نے سماعت اور قوت گویائی سے محروم بچوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔