پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف فنکار مصطفی قریشی کی اہلیہ گلوکارہ روبینہ قریشی انتقال کر گئی ہیں وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں.رواں برس مارچ کے مہینے میں ان کی طبیعت خاصی خراب ہوجانے کے بعد ان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کروایا گیا تھا ان کے شوہر مصطفی قریشی نے اس وقت اپنے پرستاروں سے روبینہ قریشی کی صحیتابی کے لئے بھی دعا کی تھی. اکیاسی سالہ روبینہ قریشی نے اردو اور سندھی گیت بڑی تعداد میں گائے ، سندھی زبان میں گانا انکی پہچان بنا.روبینہ قریشی نے اپنے فن کا آغاز1960 میں ریڈیو پاکستان حیدرآباد سے کیا انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں متعدد اہمیت کے حامل ایوارڈز مل چکے ہیں۔
یادرہے کہ روبینہ قریشی 19 اکتوبر 1940 کو حیدرآباد میں پیدا ہوئیں۔ان کا اصل نام عائشہ شیخ تھا وہ ایک گائیک گھرانے سے تعلق رکھتی تھیں. ان کے بڑے بھائی عبدالغفور ایک بڑے گلوکار تھے. روبینہ قریشی ایک سماجی کارکن بھی تھیں۔ انہوں نے پاکستان کی بلائنڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن (لیڈیز ونگ) کے لئے بھی کام کیا. صوفی موسیقی کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر، انھیں "قلندر شہباز” اور "خواجہ غلام فرید” ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہیں ریڈیو پاکستان حیدرآباد سے بھی ایوارڈ ملا ہے۔ روبینہ قریشی کو صدر پاکستان کی جانب سے ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا.