اسلام آباد /کراچی پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں گیس کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے، لیکن وفاقی وزراء گیس بحران کے حل کے بجائے مناظروں کے چیلنج میں مصروف ہیں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان مسلسل بحرانوں کو جنم دے کر عوام کے لئے مشکلات پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ گیس بحران سمیت دیگر عوامی مسائل سے نجات کا واحد حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان گیس بحران کی وجہ سے ایک وقت کے کھانے کے لئے دربدر شہریوں سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بروقت ایل این جی منگوالیتی تو آج یوں ملک میں گیس کی قلت نہ ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی زیرِ قیادت پاکستان پیپلزپارٹی کی گذشتہ حکومت کے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو آج مکمل کرلیا جاتا تو ملک کو توانائی کے بحران کا سامنا نہ ہوتا۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ایک جانب عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں سینکڑوں فیصد اضافہ کیا اور دوسری جانب مہنگی گیس بھی عوام کی پہنچ سے دور کردی۔ گیس بحران سے نمٹنے میں حکومتی نااہلی کی وجہ سے آج صنعتیں اپنے برآمدی آرڈرز تک پورے نہیں کرپارہیں۔