کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) کے وائس چیئرمین نجمی عالم نے نارتھ کراچی کے صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ صنعتی پیداواری سرگرمیاں بلا رکاوٹ جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے اور پانی کی سپلائی و نکاسی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف انڈسٹری(نکاٹی) کے دورے کے موقع پر صنعتکاروں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان، سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل، نائب صدر نعیم حیدر، ممبرمنیجنگ کمیٹی سید عثمان علی، نارتھ کراچی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (این کے آئی ڈی ایم سی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر صادق محمد، ممبران منیجنگ کمیٹی اور نکاٹی کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
نجمی عالم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وہ بہت جلد کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے انجینئرز کے ساتھ نکاٹی میں اجلاس بلائیں گے تاکہ سیوریج ودیگر مسائل کو حل کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ نکاٹی کو راڈنگ اور سکشن مشینیں مہیا کی جائیں گی جو صرف نارتھ کراچی صنعتی ایریا کے لیے مختص ہوں گی بلکہ کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ سے باقاعدہ نوٹیفائی بھی ہوں گی۔ نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان نے کہا کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں سیوریج کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے نئی تعمیرشدہ سڑکیں جو سندھ حکومت سے ملنے والی گرانٹ کے تحت بنائی گئی ہیں وہ تباہ ہو رہے ہیں لہٰذا اس حوالے سے مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں تاکہ انفرااسٹرکچر کو تباہ ہونے سے بچایا جاسکے۔انہوں نے سیکٹر 12سی میں قائم سلاٹرہاؤس کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سلاٹرہاؤس گندگی اور تعفن کا با عث بن رہا ہے جو کہ انسانی جانوں کے لیے خطر ہ بن چکاہے حالانکہ سلاٹر ہاؤس سرجانی ٹاؤن میں منتقل ہوچکا ہے لہٰذااب موجودہ سلاٹر ہاؤس کی نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں ضرورت باقی نہیں رہتی۔
انہوں نے تجویز دی کہ مذکورہ سلاٹر ہاؤس کی جگہ سوک سینٹر کی طرز کا ایک عوامی سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے جہاں فائر اسٹیشن، روڈ کلینگ مشینیں، کرائم مانیٹرنگ سیل اور نکاٹی ویلفیئر کلینک ہونا چاہیے تاکہ نارتھ کراچی صنعتی ایریاکے صنعتکاروں کو ایک چھت تلے تمام سہولیات میسر آسکیں۔