کراچی۔ 30 اکتوبر۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خارجہ امور سے لے کر تمام شعبوں میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ بے تحاشہ مہنگائی نے ثابت کردیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت انتہائی نااہل اور پاکستان کی تاریخ کی بدترین حکومت ہے جس کے ہاتھوں عام آدمی کی زندگی عذاب بن چکی ہے۔ یہ بات آج انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سینئر سیاستدان خورشید شاہ کی پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ یہ خبریں جان بوجھ کر پھیلائی جارہی ہیں۔ خورشید شاہ کی پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لئے بہت خدمات ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور نااہلی کے باعث ہر شہر میں مہنگائی کے خلاف دھرنا دیا جارہا ہے اور احتجاج ہورہا ہے۔ سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان کو اب سمجھ جانا چاہیے کہ اس کے دن گنے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام مہنگائی کے خلاف تحریک میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہیں۔