کراچی : پانی کی تقسیم کے معاملے پر سندھ اور ارسا پھر آمنے سامنے نظر آرہے ہیں۔سندھ حکومت نے ربیع سیزن کے لئے پانی کے ارسا فارمولے کو مسترد کردیا ہے ۔ حکومت سندھ نے ارسا کو ایک اور خط ارسال کردیا ہے جس میںسندھ میں پانی کے بحران اور اس کے نتیجے میں زراعت کے شعبے کو ہونے والے نقصان کا ذکر کیا گیا ہے ۔حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ خریف سیزن میں سندھ کو حصے سے پندرہ فیصد کم پانی ملاہے اورربیع میں بھی سندھ کے پانی سے کٹوتی کی جارہی ہے۔سندھ حکومت نے صوبوں کے درمیان آبی وسائل کی تقسیم پر پھر اعتراض اٹھادئیے ۔ارسا چیئرمین کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ارسا اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کرکے صوبوں کے درمیان پا نی کی منصفانہ تقسیم نہیں کررہا اورسندھ کے ساتھ مسلسل زیادتی کی جارہی ہے۔محکمہ آبپاشی سندھ نے خط میں کہا ہے کہ سندھ کا موقف سنے بغیر ارسا آبی تقسیم کے فیصلے کررہاہے جو وفاق کے لئے نقصان دہ ہے۔