لاہور :قومی اسمبلی کےحلقے این اے 133لاہور کے ضمنی الیکشن کے لئےانتخابی مہم میں تیزی آگئی ہے پیپلزپارٹی نے سندھ پولیس کے سابق ایس ایس پی کو اس انتخابی معرکے کے لئے خصوصی طور پر لاہور بھیجا ہے۔ فاروق اعوان لاہور میں ضمنی الیکشن کے لئے مختلف علاقوں میں منعقدہ کارنر میٹنگوں میں شرکت کرنے کے علاوہ سرکردہ برادریوں اور شخصیات سے ملاقاتیں کررہے ہیں تاکہ ان کو پیپلزپارٹی امیدوار اسلم گل کی حمایت کے لئے قائل کیا جاسکے۔ فاروق اعوان سندھ پولیس سے ایس ایس پی کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے اور اب پیپلزپارٹی کےپلیٹ فارم سے سیاست میں حصہ لے رہے ہیں۔ فاروق اعوان دوران ملازمت کراچی میں اہم پولیس آپریشنز میں کردار ادا کرچکے ہیں اور پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت کے ہمیشہ سے قریبی سمجھے جاتے ہیں فاروق اعوان کو این اے 249کراچی ضمنی الیکشن میں بھی خصوصی ٹاسک پارٹی کی ہائی کمان کی جانب سےدیاگیاہے اور فاروق اعوان درپردہ رہ کر کراچی ضمنی الیکشن میں کام کرتے رہے۔ اب فاروق اعوان اپنی ٹیم کے ارکان کے ہمراہ کئی روز سے لاہور میں مصروف ہیں.