کراچی: پی آئی اے نے انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کی (این ڈی سی) لیول 4 سرٹیفیکیشن حاصل کر لی ہے۔ پی آئی اے نے حال ہی میں ایک ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت پی آئی اے اپنے کاروباری طریقہ کار کو بہتر طریقے سے ٹیکنالوجی کی مدد سے استعمال اور اَپ گریڈ کرے گاتاکہ اس سے منسلک کاروباری اداروں کو بھی بہتر سہولیات فراہم ہوں جو انڈسٹری کے جدیدمعیارات اوررجحانات کے مطابق ہوں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق آئی اے ٹی اے کی این ڈی سی لیول 4 سرٹیفیکیشن پی آئی اے کو دی جانے والی اعلی ترین سرٹیفیکیشن ہے اور ایئرلائن صنعت کے شراکت داروں اور چینلز سے بہتر رابطہ اور اشتراک کرنے کا پلیٹ فارم ہے جو پی آئی اے کو جدید رجحانات کی حامل ائر لائن بنانے اور اس کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ کرے گا۔
این ڈی سی سرٹیفیکیشن پی آئی اے کو نہ صرف اس کے ڈسٹریبوشن کے معیار کو اگلے درجے تک لے جانے میں مدد دے گی بلکہ پی آئی اے کی ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرتے ہوئے اپنے مسافروں، ٹریول ایجنٹوں اور انڈسٹری کے شراکت داروںکو اس کے ذریعے بہتر خدمات کی سہولت فراہم کرے گی۔