کراچی :پی آئی اے کا حالیہ سال میں ڈرائی لیز پر حاصل کیا گیا دوسرا طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا۔ یہ ایئربیس 320 طیارہ چھے سال کی لیز پر حاصل کیا گیا ہے۔ طیارہ فرانس کے شہر پرپیگنن براستہ مصر اسلام آباد پہنچا۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے طیارے کی شمولیت کے موقع پر ایئر لائن کارکنان کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ نئے اور بہتر طیاروں کے حصول سے پی آئی اے کی سروس بہتر ہوگی اور مسافروں کی خدمات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے فضائی بیڑے میں طیارے کی شمولیت میں معاونت پر وزارت خزانہ اور وزارت ایوی ایشن کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے متعلقہ شعبہ جات کو ہدایات جاری کی کہ نئے طیارے کی فضائی بیڑے میں شمولیت کے لیے تمام قانونی کاروائی جلد از جلد مکمل کی جایں تا کہ طیارہ جلد از جلد پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں باضابطہ طور پر شامل ہو کر پروازیں شروع کرے۔واضح رہے کہ قومی ایئرلائن کے بیڑے میں تین ہفتے قبل بھی ڈرائی لیز پر ایک طیارہ آپریشن کا حصہ بن چکا ہے۔ موجودہ انتظامیہ کے دور میں یہ تیسرا طیارہ ہوگا جو کہ پی آئی اے کے بیڑے کا حصہ بنا ہے۔اس طیارے کی شمولیت سے پی آئی اے بیڑے میں ائیر بس 320 طیاروں کی مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے۔ آئندہ سال کے شروع میں مزید طیارے پی آئی اے کے بیڑے شامل ہونگے۔