کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پی پی کی جانب سے جمعہ کو کراچی میںمہنگائی کے خلاف 6 مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں عوام اور جیالوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ احتجاج میں شریک لوگوں نے ہوشربا گرانی پر موجودہ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔کراچی میں ضلعی سطح پر ہونے والے ان مظاہروں میں پیپلز پارٹی کے مرکزی قائدین ، سندھ کابینہ کے ارکان اور پیپلز پارٹی کے عہدیداروں نے شرکت کی اور مظاہرین سے خطاب بھی کیا۔
کراچی کے تاریخی ریگل چوک پر پیپلزپارٹی کے احتجاجی مظاہرہ میںعوام و کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی جبکہ اس موقع پرارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور سینیٹرز بھی موجود تھے۔مظاہرے میں شرکت کے لئے پیپلز پارٹی کے کارکنان لیاری,کلفٹن,گارڈن سے بڑی تعداد میں ریگل چوک پہنچے تھے۔ریگل چوک پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میاں رضا ربانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوام کے ساتھ مل کر عمران خان کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی عوامی تحریک شروع کردی ہے جو اس حکومت کو گھر بھیج کر ختم ہوگی انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے غریب عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ۔غریبوں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں لیکن موجودہ حکمرانوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے ۔سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ موجودہ ظالم حکومت نے ہزاروں مزدوروں کو بیروزگار کیا، ملک میں بار بار پیٹرول ڈیزل کی قیمت بڑھادی گئی ۔جو شخص اسلام آبادسے بنی گالہ ہیلی کاپٹر میں جاتاہے اسے غریبوں کے مسائل کا کس طرح علم ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت قائم رہی تو مہنگائی اور بڑھے گی ۔انہوں نے کہا کہ عوامی غصہ یہ بتا رہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کی آج سے الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے ۔عوام کی جانب سے آج سڑکوں پر نکلنے کا مقصد صرف مہنگائی اور فرعونیت کے خلاف احتجاج کرنا ہے ۔انہوں نے کارکنان سے کہا کہ وہ اپنے جوش و جذبے اور نعروں کے اپنی آواز اس طرح بلند کریں کہ وہ اسلام آباد کے ریڈ زون تک پہنچے۔پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام پر ظلم و ستم کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اب ہم اس حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔شیری رحمان نے کہا کہ عوام عمران خان کے نئے پاکستان کے نام سے خوفزدہ ہیں جس میں ان سے جینے کا حق چھینا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عمران خان کا نہیں قائد اعظم کا پاکستان چاہیے جس میں سب کے ساتھ انصاف ہو۔انہوں نے کہا کہ ساری قوم مہنگائی کے خلاف متحد ہے ۔جب کراچی سے احتجاج شروع ہوتا ہے ۔تو دمام مست قلندر ہوتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ آج سے عدم اعتماد کی تحریک شروع ہوچکی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعظم بنائیں گے۔پیپلز پارٹی ہی صف اول پر کھڑی ہے وہ ہی جمہوریت کا ہراول دستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کو چور ڈاکو کے علاو¿ہ اور کوئی بات ہی نہیں آتی ہے۔نیازی سے کہیں وہ والا بل تو واپس کرے جو کنیٹر پر جلایا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ آئی ا ایف کی بیساکھی پر کھڑے ہیں۔عوام ان کاساتھ چھوڑ چکے ہیں۔اب عوام کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہوچکا ہے ۔عمران نیازی کا پیج پھٹ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب لگتاہے پاکستان کوموٹرسائیکل کاقبرستان بناناچاہتی ہے لیکن ہم بننے نہیں دیں گے۔مظاہرین سے سینیٹر شہادت اعوان,سینیٹر یوسف بلوچ، وقار مہدی اور ارکان اسمبلی شمیم ممتاز شازیہ سنگھارنے بھی خطاب کیا ۔مظاہرین مہنگائی اور بیروزگاری کےخلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔احتجاج کرنے والے بعض افراد اپنے گلے میں سوکھی روٹیوں کا ہار بھی پہنے ہوئے تھے۔ان کے ہاتھوں میں پیپلز پارٹی کے پرچم اور مختلف پلے کارڈز تھے جن پر پی ٹی آئی کی حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔پاکستان پیپلز پارٹی ضلع شرقی کی جانب سے الاآصف اسکوائر سہراب گوٹھ پر احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں ضلع شرقی کے جنرل سیکریٹری لالا عبدالرحیم اور سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت سمیت سٹی ایریا کے عہدیداران، یوتھ ونگ، منارٹی ونگ ، خواتین ونگ سمیت علاقہ مکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ایم پی اے شرمیلا فاروقی نے شرکا سے خطاب کیا۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ملک کے حالات مزید بتر سے بتر ہونگے آٹا، گھی، چینی سمیت تمام اشیا کی قیمتیں جو پہلے ہی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور عوام کی دسترس سے باہر ہے انہیں خود کشیوں پر مجبور کر دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو روزگار دینے والوں نے روزگار چھین لیا ملک کی معیشت تباہ کر دی ہے اور مجال ہے کہ ملک کو اس مسائل میں ڈال کر ان کے کان پر جوں تک رینگ رہی ہو۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ عمران نیازی پاکستان کی سیاست اور پاکستان کی ترقی کیلئے منحوس ترین ثابت ہوئے ہیں جن کے قدم سے ملک مزید 70 سال پیچھے چلا گیا ہے۔ مظاہرے میں خالد لطیف، آصف خان، نوید بھٹی، سردار نزاکت سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر پر ہونے والے مظاہرے میںپیپلزپارٹی کارکنان احتجاجی ریلی کی صورت میں پہنچے تھے ۔بنارس چوک ضلع غربی میں پیپلزپارٹی کے سینکڑوں کارکنان نے بھی مہنگائی کےخلاف احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کی ۔ریگل چوک صدر میں احتجاجی مظاہرہ میں کارکنان کا جوش و جذبہ بے مثال تھا۔اس حتجاجی مظاہرے میں ارکان اسمبلی اور وزرا بھی شریک تھے۔ جیالوں اور مہنگائی کے ہاتھوں پریشان عوام نے لیاقت آباد,ملیر میں بھی پیپلزپارٹی کے احتجاج میں بھرپور طریقے سے شرکت کی۔ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی اورسندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے بنارس چوک پر احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی ۔اس مظاہرے میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی لیاقت آسکانی بھی شریک تھے۔احتجاجی مظاہرین نے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مہنگائی کا جن نااہل حکومت نے بے قابو کردیا۔غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ سلیکٹڈ سرکار کی تمام پالیسیاں اے ٹی ایمز کے فائدے کے لئے ہیں جن کا عام آدمی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نااہل نیازی سرکار بہت جلد اے ٹی ایمز کے ساتھ ختم ہوجائیگی اور اس حکومت کو عوام کے غیض و غضب سے کوئی نہیں بچاسکے گا۔انہوںنے کہا کہ جو حکومت غریب لوگوں کوآٹا چینی گندم سے لیکر گھی جیسی بنیادی اشیاءنہ دے سکے اسے برسراقتدار رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔