29/05/2023

ہم سے رابطہ کریں

کراچی : برابری پارٹی پاکستان، کراچی ڈویژن کی جانب سے کورنگی کراسنگ پر مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت آرگنائزر کراچی واصف عابدی اور سینیئر رہنما مظہر جعفر کر رہے تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر مہنگائی اور حکومت کے خلاف نعرے درج تھے، مظاہرین مہنگائی کو پھانسی دو کے نعرے لگاتے رہے، پلے کارڈز پر عمران خان بھگائو، پاکستان بچائو، 70روپے کلو آٹا اس پر بھی ہے سناٹا، جھوٹوں کا سردار، عمران خان، ظالموں کا ایک علاج، برابری راج، برابری راج، اور دیگر نعرے لکھے ہوئے تھے۔ مظاہرے سے آرگنائزر کراچی واصف عابدی، سینیئر رہنما مظہر جعفر، رائو بلال، یوسف ملک، شہر یار انصاری، جمشید، سہیل رائے اسد علی، زاہد حسین اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے واصف عابدی نے کہا کہ مہنگائی سے نجات حاصل کرنے کے لیے محنت کشوں اور مزدوروں کو طبقاتی بنیادوں پر منظم ہونا ہوگا، جب تک 99 فیصد محنت کش طبقاتی بنیادوں پر منظم نہیں ہوں گے، اس وقت مٹھی بھر سرمایہ دار اور جاگیر دار ان کا خون چوستے رہیں گے۔ مظہر جعفر کا کہنا تھا کہ برابری پارٹی ملک کے پسے ہوئے طبقات کے لیے جدو جہد کر رہی ہے، اب یہ محنت کشوں مزدوروں اور کسانوں کی زمہ داری ہے کہ وہ خود کو برابری پارٹی کی منظم کریں اور اپنے حقوق کے لیے جدو جہد کریں۔ دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مہنگائی میں ہوشربا اضافے کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے مفادات کے حصول کے لیے کروڑوں انسانوں کی زندگیوں کو رائو پر لگا دیا ہے، جب تک قوم عمران خان سے نجات حاصل نہیں کرے گی، تب تک ملک کے حالات نہیں سدھریں گے۔

Share            News         Social       Media