ممبئی : انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی 10 ماہ کی بیٹی کو ریپ کی دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
ممبئی پولیس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران حیدر آباد دکن سے تعلق رکھنے والے انجینئر نے ویرات کوہلی کی 10 ماہ کی بیٹی کے ریپ کی دھمکی دی تھی۔ ممبئی پولیس کے سائبر کرائم سیل نے ملزم کو حیدر آباد سے گرفتار کرکے ممبئی منتقل کردیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 23 سالہ رام ناگیش سری نواس اکوباتھینی نے اپنا ٹوئٹر ہینڈل تبدیل کیا اورخود کو پاکستانی ظاہر کرتے ہوئے ویرات کوہلی کی بیٹی کے ریپ کی دھمکی دی۔ این ڈی ٹی وی نے پولیس ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ملزم سافٹ ویئر انجینئر ہے اور ان دنوں بیروزگار ہے، ماضی میں وہ ایک فوڈ ڈلیوری ایپلی کیشن کیلئے کام کرتا تھا۔