29/05/2023

ہم سے رابطہ کریں

کراچی :گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت کاروباری قرضہ جات کی فراہمی جاری ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت نے نوجوانوں میں 21 ارب روپے کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا ہے جبکہ بینکوں کی جانب سے اسکروٹنی اور رقم کی فراہمی کا عمل بھی تیز سے جاری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کیا۔ گورنر سندھ نے کامیاب جوان پروگرام کے تازہ ترین اعداد و شمار کے حوالہ سے کہا کہ ملک بھر کے نوجوانوں میں 2 ہفتوں میں مزید 2 ارب 60 کروڑ روپے تقسیم کئےے جس کے نتیجہ میں کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے روزگار حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد 33 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے روزگار حاصل کرنے والوں میں کراچی کی رہائشی خاتون مہوش وجاہت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کیسے اپنے ذاتی کاروبار کا خواب پورا کرنے کے لئے اپنے ہنر کو روزگار کا ذریعہ بنایا، مہوش وجاہت نے بیوٹی سیلون کا کام سیکھا لیکن کاروبار کے آغاز کے لئے سرمایہ نہیں تھا، مہوش نے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرض کیلئے درخواست دی تو چند دنوں میں مطلوبہ رقم مل گئی اور اس طرح مہوش نے اپنا ذاتی کاروبار شروع کرکے اس میں کامیابی حاصل کی اور اب وہ اس کو اپنی مرضی سے وسعت دے رہی ہیں، بقول مہوش وجاہت کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے میرے خوابوں کی تعبیر ہوئی اور اس ضمن میں میں وزیراعظم عمران خان اور سربراہ کامیاب جوان پروگرام کی شکرگزار ہوں۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ نوجوانوں کو نیشنل جاب مارکیٹ میں شامل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ ملک کے نوجوانوں کو کامیاب دیکھنا وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی تکمیل ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آہستہ آہستہ تکنیکی رکاوٹیں ختم کرنے میں کامیاب ہو رہے ہیں، انشااللہ تمام نوجوانوں کی وسائل کی یکساں اور میرٹ پر فراہمی ممکن بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کا بزنس پلان جتنا موثر اور واضح ہوگا، اتنا جلد قرض ملے گا۔

Share            News         Social       Media