کراچی :وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے گیس کی بندش اور لو پریشر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت موسم سرما کے لئے گیس کی قلت پر وفاق کو متعدد بار خبردار کر چکی ہے لیکن اس نے اب تک نہ ایل این جی کا بندوبست کیا اور نہ ہی ہماری کسی بات کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔ جن علاقوں میں گیس آرہی ہے وہاں بہت زیادہ لو پریشر کی شکایات ہیں ۔امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ
ڈیفنس اور کلفٹن جیسے پوش علاقوں میں چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ صبح سویرے اسکول جانے والے بچے اور ان کے اہلخانہ سخت اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ابھی تک صحیح معنوں میں سردی شروع بھی نہیں ہوئی لیکن گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ وفاقی وزارت توانائی کی نااہلی ناکامی اور بدعنوانیوں کی سزا عوام بگت رہے ہیں۔