کراچی: 27 واں عالمی مشاعرہ 22 مارچ کو ایکسپو سینٹر کراچی میں ہوگا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے ممتاز شعرا شریک ہوں گے اور اپنا کلام پیش کریں گے ۔ساکنان شہر قائد کے روح رواں پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم نے منگل کو کراچی پریس کلب میں میڈیا نمائیندوں سے گفتگو کرتے ہوۓ کہا کہ کراچی کے شہری زبردست ذہنی دباو میں ہے اور عالمی مشاعرہ اس شہر کے ماحول کو بدلنے میں مدد دے۔ڈاکٹر پیرزادہ قاسم نے کہا ہے کہ کراچی میں ایک بار پھر سجے گی شعرو سخن کی محفل اور شہری گھٹن کے ماحول سے نکل کر ایک بار پھر ادب کی دنیا میں جی سکیں گے شعر سنیں گے اور ہر خوبصورت خیال پر داد بھی دیں گے ، 22 مارچ 2022 کو کراچی کے ایکسپو سینٹر میں۔ ساکنان شہر قائد کے تحت شہر کی درخشندہ روایت کو دہراٸی جاۓ گی۔ ساکنان شہر قائد کے منتظم اعلی محمود احمد خان نے بتایا کہ مشاعرے میں شرکت کے لیے ہندوستان کے شعرا کو بھی دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں جبکہ حکومتوں کی سطح پر منظوری کے لیے وفاقی حکومت سے بھی درخواست کی گئی ہے۔ مشاعرے میں امریکا اور یورپ کے مختلف ممالک سمیت دنیا کے دیگر حصوں میں بسنے والے اردو شعرا کو بھی دعوت سخن دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نئی نسل کو ادب سے روشناس کرانا چاہتے ہیں اور کراچی سے شہریوں سے اپیل کریں گے کہ وہ زیادہ زیادہ تعداد میں اس محفل شعر وسخن میں شریک ہوں۔